بیلجئم میں 4 دن کے بعد میٹرو سسٹم بحال اور سکول کھول دیئے گئے

بیلجئم میں 4 دن کے بعد میٹرو سسٹم بحال اور سکول کھول دیئے گئے

برسلز (این این آئی) بیلجئم میں 4 دن کے بعد میٹرو سسٹم بحال اور سکول کھول دیئے گئے غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیلجیئم کے وزیراعظم چارلز مائیکل نے ملک بھر میں سکول اور میٹرو سسٹم کھولنے کا حکم نامہ جاری کردیا اور ملک میں سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط رکھنے کے لئے چوتھے درجے کی سیکیورٹی وارننگ جاری کردی ہے۔ حکام کے مطابق بیلجیئم میں ابھی تک دہشت گرد حملوں کا خدشہ موجود ہے جس کے باعث سیکیورٹی سخت رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے ادھر بیلجئم نے پیرس حملے کے ماسٹر مائنڈ کی تلاش کے لئے مراکش سے مدد طلب کرلی ہے۔ بیلجئم کے بادشاہ فلپ نے گزشتہ روز اپنے مراکشی ہم منصب کو فون کیا اور خفیہ معلومات کے تبادلے اور قریبی تعلقات استوار کرنے سمیت پیرس حملوں کے ماسٹر مائنڈ کو تلاش کرنے کے لئے مدد مانگ لی۔ دوسری جانب مراکش کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ وہ پیرس حملوں کے ماسٹر مائنڈ کی تلاش کے لئے بیلجئم کی بھرپور مدد کریں گے۔

مزید : عالمی منظر