جنوبی کوریا میں امریکی فوج کا جنگی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ٗ پائلٹ سمیت دو اہلکار ہلاک

جنوبی کوریا میں امریکی فوج کا جنگی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ٗ پائلٹ سمیت دو ...

سیؤل(این این آئی)جنوبی کوریا میں امریکی فوج کا جنگی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ جنوبی کوریا کے وسطی صوبے گینگون کے علاقے وونجو میں پیش آیا جہاں امریکی فوج کا جنگی ہیلی کاپٹر اپاچی اے ایچ 64 گر کر تباہ ہوگیا جس میں پائلٹ سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے، حادثے میں زمین پر موجود کسی شہری کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی ٗ مرنے والے دونوں فوجیوں کی لاشیں بری طرح مسخ ہو گئیں۔

جس کی وجہ سے دونوں کی فوری شناخت ناممکن ہے۔سیؤل میں موجود امریکی فوج کے ترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق کی جبکہ فوری طور پر حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں تاہم مقامی پولیس اس حوالے سے تحقیقات کررہی ہے۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں ایک معاہدے کے تحت 28 ہزار سے زائد امریکی فوجی موجود ہیں تاکہ شمالی کوریا کی جانب سے کسی ممکنہ جارحیت کی صورت میں جنوبی کوریا کا دفاع کیا جاسکے۔

مزید : عالمی منظر