داعش کے گروپ کے خلاف متحدہ محاذ موجود ہے ٗ دہشتگردوں کو ضرور شکست ہوگی ٗجان کیری
ابو ظہبی(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ داعش کے شدت پسند گروپ کے خلاف متحدہ محاذ موجود ہے ٗ دہشتگردوں کو ضرور شکست ہوگی ٗ آنے والے دنوں میں داعش کے خلاف حملے تیز کر دیئے جائینگے ۔ متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران این بی سی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ اِس ضمن میں پہلے ہی حکمت عملی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی قیادت میں اتحاد داعش کے خلاف فضائی حملے کر رہا ہے جس کے نتیجے میں گروہ کی عسکری طاقت ختم کی جا رہی ہے اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں اور سفارتی کوششیں کی جاری ہیں۔ اْنھوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گرد جنھوں نے فرانس، لبنان اور مصر میں حملے کیے وہ گروپ کے جنگجوؤں کے زیر اثر تھے اور عراق اور شام میں اْن کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کے لئے ہمدردی رکھتے تھے۔ اْنھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ دِنوں کے دوران اِن ملکوں میں اتحاد کے حملے تیز کیے جائیں گے۔کیری نے کہا کہ امریکی صدر براک اوباما نے اہم اہل کاروں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ داعش کی بغاوت کو کچلنے کے سلسلے میں نئے خیالات پیش کریں۔ابو ظہبی میں جان کیری نے ولی عہد شہزادے، شیخ محمد بین زید النہیان سے ملاقات کی۔