اقتدار میں آکر ملک کو قرضوں کی لعنت سے نجات دلائیں گے، طاہر القادری

اقتدار میں آکر ملک کو قرضوں کی لعنت سے نجات دلائیں گے، طاہر القادری

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر ملک کو قرضوں کی لعنت سے نجات دلائیں گے،’میڈ ان پاکستان ‘‘کی تحریک شروع کر کے ملکی معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر چڑھائیں گے۔وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ ،ایم ایس ایم اور عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا 10 نکاتی انقلابی ایجنڈا غریب عوام ،مزدوروں اور کاشتکاروں کے مسائل کو سامنے رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے ۔عوامی تحریک اقتدار میں آ کر پہلے 100دنوں میں غریب عوام کیلئے سستی خوراک کی فراہمی یقینی بنائے گی اورپوری دنیا میں موجود ہنر مند ،اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانیوں کو پاکستان میں واپس لائینگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئیں اور حکمران اس ریلیف سے عوام ،تاجروں ،صنعتکاروں کو محروم رکھ رہے ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر پٹرول، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10روپے کمی کی جائے اور آٹا 16روپے کلو کی پرانی قیمت پر واپس لیا جائے۔

مزید : علاقائی