دنیا بھر میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں،شاہد گردیزی

دنیا بھر میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں،شاہد گردیزی

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونی والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ داعش کا مسلمانوں سے اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ حکومت سے ملکر دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرکے دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ حزب الاحناف لاہور میں عالمی جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام ہونے والے اتحادامت سیمینار سے جماعت کے مرکزی سیکرٹری جنرل پیر سید شاہد حسین گردیزی نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا میں انتشار پھیلانے والے انسان نہیں شیطان ہیں، ہمیں داعش سمیت تمام دہشت گرد گروپوں کے خاتمے کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر کے حکمرانوں کو ملکر جدوجہد کرنی ہوگی۔

، اسلام کا لبادہ اوڑھ کر دنیا بھر کے امن کو تباہ کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، دنیا کا کوئی بھی مذہب ایسے قتل وغارت کی اجازت نہیں دیتا، اسلام قومی اور بین الاقوامی معاملات میں امن ورواداری کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہاغیر ملکی نمائندوں سفارتکاروں کی جان کی حفاظت کرنا سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے، اسلام غیر مسلم شہریوں کو نہ صرف ان کے جان ومال اور عزت وآبرو کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے بلکہ ان کی عبادت گاہوں کو بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ سیمینار کی صدارت جماعت کے مرکزی امیر پیر سید مصطفی اشرف رضوی نے کی۔ مولانا پیر محمد عامر چشتی، صاحبزادہ احمد شکیل صدیقی، مفتی غلام حسن، مولانا محمد اشرف، مفتی محبت علی رضوی، علامہ محمد آصف عطاری، مولانا مشتاق احمد، مولانا محمد طفیل نوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1