شیخ افضل کی ضبط کی گئی جائیداد کی نیلامی کے حوالے سے دائر درخواستوں پرفریقین کے وکلاء کو بحث مکمل کرنے کا حکم

شیخ افضل کی ضبط کی گئی جائیداد کی نیلامی کے حوالے سے دائر درخواستوں پرفریقین ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بینک سکینڈل کے مرکزی ملزم شیخ افضل کی ضبط کی گئی جائیداد کی نیلامی کے حوالے سے دائر درخواستوں میں فریقین کے وکلاء کو آئندہ تاریخ سماعت پربحث مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس محمد طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شیخ افضل اور اس کے بیٹے حارث افضل کی درخواستوں پر سماعت کی، پنجاب بینک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے تقریباً دو ارب روپے کی جائیداد ضبط کر کے بینک کے حوالے کر دی ہے جس میں سے بیشتر جائیداد نیلام بھی کر دی گئی ہے تاہم ملزموں کے عدالت سے رجوع کرنے پر باقی جائیداد کی نیلامی پر عدالت نے حکم امتناعی جار ی کر دیا، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ درخواست گزاروں نے عدالت سے جھوٹ بول کر حکم امتناعی حاصل کیا، جو جائیداد درخواست گزار واپس مانگ رہے ہیں ، وہ ان کی ملکیت ہی نہیں ہے لہذا حکم امتناعی خارج کیا جائے، درخواست گزاروں کی طرف سے استدعا کی کہ ان کے وکیل دوسری عدالت میں مصروف ہیں لہذا بحث کیلئے مہلت دی جائے، فاضل بنچ نے سماعت 15دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو ہدایت کی آئندہ سماعت پر بحث مکمل کی جائے، کسی فریق کو التواء کی مزید تاریخ نہیں دی جائے گی ۔

مزید : صفحہ آخر