عالمی میلاد کانفرنس میں ملک بھر سے لاکھوں طلبہ شرکت کریں گے،چودھری عرفان

عالمی میلاد کانفرنس میں ملک بھر سے لاکھوں طلبہ شرکت کریں گے،چودھری عرفان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی)مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی مرکزی کیبنٹ کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا ،جسکی صدارت مرکزی صدر ایم ایس ایم چودھری عرفان یوسف نے کی۔اس اہم اجلاس میں سیکرٹری جنرل ،مرکزی عہدیداران،وسطی پنجاب،شمالی پنجاب،جنوبی پنجاب،بلوچستان،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اورخیبر پختونخواہ کے صدور نے شرکت کی ۔عرفان یوسف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور عالمی میلاد کانفرنس میں ملک بھر سے لاکھوں طلبہ شرکت کریں گے جبکہ صرف لاہور کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیزسے 10ہزار سے زائد طلبہ عالمی میلاد کانفرنس میں شریک ہو نگے ۔


دسمبر میں ملک کے 100بڑے شہروں میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف ’’طلباء امن ریلیز‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا ۔طلباء امن ریلیز کا مقصد یہ پیغام عام کرنا ہے کہ پاک فوج سے اظہار یکجہتی،آپریشن ضرب عضب کی حمایت کے ساتھ ساتھ نظریاتی سطح پر بھی دہشت گردانہ سوچ کا متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہو گا ۔عرفان یوسف نے مزیدکہاکہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام نئے عیسوی سال کے آغاز پر قومی طلباء کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔




کانفرنس کی صدارت قائد عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کریں گے ۔اس سلسلے میں مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس کے موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے تحت لاہور میں معلوماتی اور وابستگی کیمپ بھی لگائے جائیں گے ۔