قتل کے مقدمہ میں دونوں گروپوں کے ملزمان کو قید اور جرمانہ کی سزا کا حکم
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج شازب سعید نے برکی میں محمد ریاض کے قتل کے مقدمہ میں دونوں گروپوں کے ملزمان کو قید اور جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا ہے جبکہ مقدمہ میں شریک 14ملزمان کو بری کردیا۔ایڈیشنل سیشن جج شازب سعید کی عدالت میں تھانہ برکی پولیس نے شہری محمد ریاض کے قتل کا چالان پیش کیا جبکہ دوسرا استغاثہ ملزمان پارٹی کے سیف اللہ کی طرف سے اٹھارہ ملزمان کے خلاف دائر کیا گیا۔عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد مقتول گروپ کے محمد اعجاز کو دس سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ملزمان گروپ کے سیف اللہ کو پانچ پانچ سال قید دیگر تین ملزمان عباس، عمران اور شریف کو دو دو سال قید اور دس دس ہزارروپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔
عدالت نے دیگر14 ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیاہے۔
ملزمان کے خلاف 2005ء میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔