سندھ،شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس پرعام تعطیل کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی رحم اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر 27نومبر کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 27نومبر بروز جمعہ حضرت عبداللطیف بھٹائی رحم اللہ علیہ کے عرس کی مناسبت سے سندھ بھر میں عام تعطیل ہوگی، اس کا اطلاق خود مختار کارپوریشنز سمیت سندھ حکومت کے تمام اداروں اور سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔واضح رہے کہ سندھ میں ہر سال 14 صفر کو حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رحم اللہ علیہ کے عرس کی مناسبت سے عام تعطیل ہوتی ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 27 نومبر کو سرکاری اور غیر سرکاری درسگاہیں بند رہیں گی ۔ جبکہ انٹر بورڈ کراچی کے تحت ہونے والے ضمنی امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔27 نومبر بروز جمعہ کو ملتوی ہونے والے انٹر کے ضمنی امتحانات اب 11 دسمبر بروز جمعہ کو ہوں گے۔