اسٹیل ملز کے ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہیں نہ مل سکیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کے گھروں میں فاقے شروع ہو گئے۔ ملازمین تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہو سکی ہے جس سے ملازمین اور اہل خانہ شدید مالی پریشانیوں میں گھر چکے ہیں جبکہ نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔ملاز مین کا کہنا ہے کہ اگست، ستمبر، اور اکتوبر کی تنخواہیں نہیں ملی ہیں جبکہ نومبر بھی ختم ہو رہا ہے لیکن تنخواہ ملنے کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی ہے۔ دوسری جانب ترجمان پاکستان اسٹیل عبدالحفیظ شاہ نے بتایا کہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے سمری وفاقی حکومت کو ارسال کردی ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ ای سی سی کے اجلاس میں تنخواہوں کی منظوری مل جائے گی۔