خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ داخلہ و قبائلی امورکا اجلاس
پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ داخلہ و قبائلی امورکا ایک اجلاس رکن صوبائی اسمبلی شاہ حسین الائی کی زیر صدارت منگل کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی ضیاء اﷲ بنگش،محترمہ نجمہ شاہین اور احتشام جاوید اکبرخان کے علاوہ ہزارہ ڈویژن کے ریجنل پولیس آفیسر ،سی سی پی او پشاوراور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ہزارہ ڈویژن میں امن وامان برقرار ر کھنے کے علاوہ پشاور میں نشے کے عادی افراد کے خلاف کاروائی،ان افراد کیلئے بحالی کے مراکزکے قیام اور منشیات فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے مراکز کے قیام کے سلسلے میں محکمہ سماجی بہبود اور دیگر متعلقہ اداروں سے رجوع کیا جائیگا تاکہ نشے کے عادی افراد کا بہتر علاج معالجہ کیا جا سکے۔