امریکہ نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے سفری ہدایت جاری کر دی

امریکہ نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے سفری ہدایت جاری کر دی

 نیویارک(آن لائن)امریکی وزارت خارجہ نے دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر دنیا بھر میں اپنے شہریوں کے لیے عالمی سفری ہدایت جاری کی ہے جس میں انھیں محتاط رہنے کو کہا گیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’موجودہ اطلاعات‘ کے مطابق شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ، القاعدہ، بوکو حرام اور دیگر شدت پسند تنظیمیں کئی خطوں میں دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی سفری ہدایت کا اطلاق 24 فروری 2016 تک ہو گا۔تاہم امریکی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’اس وقت ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ امریکی شہریوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔‘واضح رہے کہ حال ہی میں فرانس، لبنان، مالی اور مصر سمیت دیگر ممالک میں شدت پسند کارروائیاں ہوئی ہیں جن میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔امریکہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہری عوامی مقامات اور ٹرانسپورٹ پر سفر کے دوران احتیاط برتیں۔’امریکی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے ارد گرد نظر رکھیں اور مجمعے یا بھیڑ والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں۔

مزید : پشاورصفحہ اول