ڈاکٹر فاروق ستار کامختلف علاقوں میں انتخابی کیمپوں کا دورہ

ڈاکٹر فاروق ستار کامختلف علاقوں میں انتخابی کیمپوں کا دورہ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے گزشتہ روز برنس روڈ کی یوسی 26پاکستان چوک اور یوسی 28سٹی ریلوے کالونی میں بلدیاتی انتخابات میں نامزد حق پرست امیدواران کے انتخابی کیمپوں کا دورہ کیا اور بوہری ، کچھی میمن اور قریشی برادریوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں ۔ اس موقع پر انہوں نے کچھی میمن اور قریشی محلہ میں منعقدہ انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب بھی کیا ۔ برنس روڈ کی بوہری ، کچھی میمن اور قریشی برادریوں کے رہنماؤں نے بلدیاتی الیکشن میں نامزد حق پرست امیدواران کی کامیابی کیلئے ڈاکٹر فاروق ستار کو بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا ۔ بعدازاں ڈاکٹر فاروق ستار نے کچھی میمن اور قریشی محلہ میں منعقدہ انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم پڑھے لکھے اور غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے بلاصلاحیت افراد کی نمائندگی کرتی ہے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں اور قابلیت سے ملک و قوم کو مستفید کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کیلئے نعرے تو تمام ہی سیاسی اور مذہبی جماعتیں لگاتی ہیں لیکن الیکشن کے موقع پر ان کے یہ نعرے اور دعوے تبدیل ہوجاتے ہیں اور ان کی ترجیحات میں الیکشن میں نامزدگیوں کیلئے اپنے رشتہ داروں کے علاوہ کوئی امیدوارشامل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم واحد جماعت نے جس نے غریب ومتوسط طبقے کی قیادت کو اپنے نعرے اور وعدے کے مطابق ملک کے منتخب ایوانوں میں بھیجا لیکن یہ عجیب طرفہ تماشہ ہے کہ ایم کیوایم جس کام کو برسوں پہلے انجام دے چکی ہے آج اسی کام کا بیڑا اٹھانے کیلئے نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتیں سب سے آگے ہیں اور ایک مرتبہ پھر جھوٹے دعوؤں سے عوام کو بھلا پھسلا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں عوام ایم کیوایم کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں اور 5دسمبر کے دن ہر پولنگ اسٹیشنوں پر پتنگ کے انتخابی نشان پر ووٹ ثبت کرنے والوں کی قطاریں ثابت کردیں گی کہ قائد تحریک الطاف حسین ہی شہر کراچی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے علمبردار ہیں ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -