سیشن کورٹ:عدالتی احکامات سے رو گردانی پر 100پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

سیشن کورٹ:عدالتی احکامات سے رو گردانی پر 100پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ ...
سیشن کورٹ:عدالتی احکامات سے رو گردانی پر 100پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

  


لاہور(نامہ نگار)قتل اوردیگرسنگین نوعیت کے زیرسماعت مقدمات میں طلبی کے باوجود پولیس اہلکاروں کی جانب سے پیش نہ ہونے پرعدالتی حکم عدولی پر سیشن کورٹ نے 100پولیس اہلکاروں کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری اور شوکاز نوٹسز جاری کر دئیے۔ پولیس اہلکاروں کے پیش نہ ہونے اور گواہ نہ لانے پر مقدمات کی سماعت متاثر ہو رہی ہے۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں پر ان کے افسران کی طرف سے سختی نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے یہ عدالتی حکم عدولی کر رہے ہیں۔ سیشن کورٹ میں 50ایڈیشنل سیشن جج قتل اوردیگر سنگین نوعیت کے کیسوں کی سماعت کررہے ہیں۔ عدالت عالیہ کی طرف سے سیشن عدالتوں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ پرانے کیسوں کو جلد نمٹایا جائے لیکن پولیس کی طرف سے اہلکار نہ خود پیش ہورہے ہیں اور نہ ہی گواہ پیش کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کیسوں کی سماعت متاثر ہو رہی ہے اور سائلین کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ سیشن عدالتوں نے تیس ایس ایچ اوز اور ستر پولیس کانسٹیبلز کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر وارنٹ گرفتاری اور شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔ عدالت نے سی سی پی او کو حکم دیا ہے کہ جن اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں انہیں عدالتوں میں پیش کیاجائے تاکہ پرانے مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں۔

مزید : لاہور