دنیا کے لئے پیغام، محض 17 سیکنڈ کیلئے فضائی حدود میں آنے پر ترکی نے روسی طیارہ مار گرایا

دنیا کے لئے پیغام، محض 17 سیکنڈ کیلئے فضائی حدود میں آنے پر ترکی نے روسی طیارہ ...
دنیا کے لئے پیغام، محض 17 سیکنڈ کیلئے فضائی حدود میں آنے پر ترکی نے روسی طیارہ مار گرایا

  

استنبول، نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر روسی طیارہ مارگرایا ہے لیکن یہ جان کر آپ کو حیرت ہوگی کہ مارگرائے جانے والا طیارہ محض 17 سیکنڈ کے لئے ترکی کی حدود میں رہا اور اسے مار گرایا گیا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کی کئی دفعہ خلاف ورزی کی گئی لیکن حکومت پاکستان کی طرف سے سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرانے پر ہی اکتفا کرلیا گیا۔

اقوام متحدہ میں ترکی کے سفیر کی طرف سے سیکیورٹی کونسل کو لکھا گیا خط سامنے آگیا ہے جس میں ماضی میں لکھے گئے خطوط کے حوالے بھی دئیے گئے اور ترک سفیر نے حکومت کی ہدایت پر لکھے گئے خط میں ترک فضائی حدود کی خلاف ورزی کے حالیہ واقعہ کی طرف توجہ دلائی گئی۔

ترک سفارتکار نے خط میں بتایا کہ 24 نومبر کی صبح دو نامعلوم SU-24 طیاروں نے ترک فضائی حدود تک رسائی کی اور ان طیاروں کو پانچ منٹ میں 10 دفعہ ایمرجنسی چینل کے ذریعے خبردار کیا گیا اور اپنا رخ فوری طور پر جنوب کی طرف موڑنے کو کہا۔ اس وارننگ کے باوجود 19000 فٹ بلندی پرموجود دونوں طیارے 1.36 اور 1.15 میل اندر تک 9:35:05 سے لے کر 17 سیکنڈ تک رہے۔

ترک حکام کے مطابق سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے بعد 1 طیارہ فضائی حدود سے نکل گیاجبکہ دوسرے طیارے کو گشت پر موجود ترک ایف 16 طیاروں نے قوانین کے مطابق نشانہ بنادیا جس کے نتیجے میں ہدف بننے والا طیارہ ترکی کی سرحد کے قریب شام میں جاگرا۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں