زرداری اور فرزند طعنے نہ دیں ، ہمیں خاموش رہنے دیں ، جواب دیا تو نقصان ہو گا : خواجہ آصف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)وزیر خارجہ اور مسلم لیگ (ن )کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ زرداری صاحب اور فرزند ارجمند بلاول بھٹو سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طعنے نہ دیں۔سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے مفاہمت سے انکار اور نواز شریف پر تنقید کے بعد خواجہ آصف کا ردعمل سامنے آیا ۔ وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے جواب دیا تو سیاسی برادری کا نقصان ہو گا ۔ مہربانی کریں ہمیں خا موش رہنے دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ظرف بھی اجازت نہیں دیتا ،زرداری صاحب محترم دانشمندہیں، اشارہ سمجھتے ہیں ،اللہ انہیں خوش رکھے۔دوسری جانب وزیر خارجہ خواجہ اصف نے نااہلی کیس میں اپنا تحریری جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیا جس میں انہوں نے اپنے خلاف درخواست پر اعتراضات اٹھادیئے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے 23 صفحات پر مشتمل تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزارکی الیکشن پٹیشن اور نظرثانی درخواست مسترد ہوچکی ہے، درخواست گزار نے عدالت سے رجوع کرتے وقت بعض حقائق چھپائے۔خواجہ آصف نے جواب میں کہا کہ ملازمت کے کنٹریکٹ کی کبھی تردید نہیں کی، آئی ایم ای سی ایل کمپنی کا لیگل ایڈوائزرہوں، یہ بات درست ہے، بطور لیگل ایڈوائزر کمپنی کو قانونی مشاورت فراہم کررہا ہوں، کمپنی کے ساتھ کاروباری مراسم سے درخواست گزارکا کچھ لینا دینا نہیں۔جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ درست ہے کہ غیر ملکی کمپنی کے ساتھ وابستہ ہوں لیکن یہ درست نہیں کہ 50 ہزاردرہم کی رقم کبھی ظاہرنہیں کی،50 ہزاردرہم کی رقم ٹیکس ریٹرن میں فارن انکم کے طورپر ظاہرکی۔جواب میں کہا گیا ہے کہ عثمان ڈارقانون کی خلاف ورزی کی نشاندہی نہیں کرسکے، درخواست گزار نے تمام دستاویزات کاغذات نامزدگی سے حاصل کیں۔
خواجہ آصف
