زائچہ گھر۔۔آپ کے مسائل کامخفی علوم سے علاج
بیرون ملک تعلیم
احمد علی، سمندری
سوال: کیا میں بیرون ملک پڑھنے کے لئے جا سکتا ہوں اور کیا بیرون ملک سیٹ ہو جاؤں گا، بیرون ملک کب اور کس وقت جا سکوں گا؟
جواب: آپ کے زائچہ اور زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے تجزیہ کے مطابق آپ کو بیرون ملک جانے کے لئے کچھ مشکلات آسکتی ہیں، کوئی قانونی اعتراض لگ سکتا ہے، محتاط رہیں اور اپنی دستاویزات کو قانونی تقاضوں کے مطابق پورا کریں ۔اگر آپ بیرون ملک چلے گئے تو وہاں سیٹل ہو سکتے ہیں۔ اس سال کے آخر میں آپ بیرون ملک جائیں تو زیادہ بہتر ہے۔
حاسدین کی نظر
شاہ نواز، گوجرہ
سوال: میرا کپڑے کا کاروبار دن بدن کمزور ہو رہا ہے، بمشکل اخراجات پورے ہوتے ہیں، بنک کا قرضہ الگ ہے، یکدم رزق کی تنگی آگئی ہے۔ براہ مہربانی میرا زائچہ بنا کر بتا دیں۔
جواب: آپ پر کسی دشمن حاسد کی جانب سے بدنظری کے اثرات ہیں۔ آپ نقشِ رد بد نظری بنوا کر پاس رکھیں، اپنا مبارک پتھر کیٹ آئی (لہنیا) پہنیں، صبح اور شام حرز اعظم کا حصار کریں۔ منگل کے روز بڑے گوشت کا صدقہ دیں، ہفتہ کے روز کالی مرچوں کا صدقہ دیں۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
بیٹے کی شادی
عبدالرحمن، لاہور
سوال: میرے بیٹے کی شادی کب اور کہاں ہو گی؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق شادی اور ازدواجی معاملات میں مشکلات آسکتی ہیں، بہت محتاط ہو کر فیصلہ کریں۔ شادی خاندان سے باہر ہونے کے امکانات ہیں۔ کسی مخصوص رشتہ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے اس لڑکی کے مکمل کوائف ارسال کریں۔
بیرون ملک امیگریشن
الطاف حسین، رحیم یار خاں
سوال: میں امیگریشن کرانا چاہتا ہوں مگر اس میں کچھ رکاوٹیں ہیں، کیا مجھے امیگریشن مل سکے گی؟
جواب: آپ کوشش کریں تو آپ کو امیگریشن مل جائے گی کیونکہ آپ کے زائچے میں بیرون ملک جانے کے امکانات ہیں لیکن وہان سیٹل ہونے کے لئے بہت تنگ و دو کرنی پڑے گی۔ صدقات وظائف اور روحانی عمل سے کامیاب ہونے کے امکانات ہیں۔ سفر کے لئے لوحِ سفر بنوا کر پاس رکھیں، انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
بیمار بیٹی کا مستقبل
نرگس، ملتان
سوال: میری بیٹی کا مستقبل کیا ہے، وہ اکثر بیمار رہتی ہے، کب تک صحت یاب ہو جائے گی، شادی کب تک ہو گی، شادی شدہ زندگی کیسی گزرے گی؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق رواں سال میں شادی اور منگنی کے مواقع نظر آرہے ہیں۔ انشاء اللہ نیک کوشش سے آپ اپنے مقاصد میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔ اولاد کے معاملے میں زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کچھ معاملات میں زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کچھ معاملات خدا کی ذات پر بھی چھوڑ دینے چاہیے۔ انشاء اللہ صدقات اور روحانی وظائف سے معاملات میں بہتری آئے گی۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔
اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )