پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حالات بہت بہتر، غیر ملکی سفراء 

پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حالات بہت بہتر، غیر ملکی سفراء 

  



اسلام آباد (کامرس ڈیسک) فارن سروس اکیڈمی اسلام آباد میں زیر تربیت 14ممالک کے 19 رکنی جونیئر سفیروں کے ایک وفد نے اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروگرام ثمر جاوید کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے ساتھ پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری کے امکانات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں ایران، نیپال، مالدیپ، مالی، فلسطین، موریشس، نائجیریا، موریتانیا، تیونس، مدغاسکر، گیانا، گھانا، ایکواٹوریل گیانا اور کوموریس کے جونیئر سفرا شامل تھے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے غیر ملکی جونیئر سفراء نے کہا کہ غیر ملکی میڈیا پاکستان کو ایک خطرناک ملک کے طور پر پیش کرتا ہے لیکن پاکستان آنے سے ان کو پتا چلا کہ یہاں حالات بہت بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعتی بنیاد کافی بہتر ہے جس میں کاروبار و سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ واپس جا کر پاکستان کے بارے میں غلط فہمیاں دور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔فارن سروسز اکیڈمی اسلام آباد کے ڈائریکٹر پروگرام ثمر جاوید نے کہا کہ ان کی اکیڈمی جونیئر غیر ملکی سفراء کو مختلف اداروں کا دورہ کرا رہی ہے تا کہ ان کو مختلف شعبوں کے بارے میں بہتر معلومات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر تربیت غیر ملکی سفراء نیشنل اسمبلی اور سینٹ سمیت دیگر اداروں کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ آئندہ وہ مظفرآباد، بلوچستان اور سندھ کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ وزیراعلیٰ و گورنر سندھ سے بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفد کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لانے کا مقصد ان کو پاکستان کی کاروباری و اقتصادی صلاحیت کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سیف الرحمٰن خان، احسن ظفر بختاوری، عثمان خالد، فہد وحید اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سفراء کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے اہم خطے میں واقع ہے جو دنیا کی کئی بڑی مارکیٹوں تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی طرف گامزن ہے جبکہ سی پیک کی وجہ سے ہمارا ملک کاروباری و اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بننے جا رہا ہے لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار میں آسانیا ں پیدا کرنے کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے جس کی تصدیق ورلڈ بینک کے حالیہ ایز آف ڈوئنگ بزنس انڈیکس نے بھی کی ہے جس کے مطابق پاکستان نے 28جگہوں پر اپنی رینکنگ بہتر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان اب چین کے ساتھ صنعتی تعاون کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جس کے تحت پاکستان میں کئی اسپیشل اکنامک زونز قائم کئے جائیں گے۔ لہذا انہوں نے کہایہی وہ وقت ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کریں اور کاروبار وسرمایہ کاری کے ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر تربیت غیر ملکی سفراء پاکستان کی کاروباری صلاحیت کو خود براہ راست دیکھ چکے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب وہ واپس اپنے اپنے ملک میں جائیں تو وہ وہاں پاکستان کے برینڈ ایمبیسڈر کے طور پر کام کریں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں مثبت کردار ادا کریں۔

مزید : کامرس