سی پیک منصوبے پر امریکی تنقید قابل مذمت ہے،شاہد رشید بٹ

      سی پیک منصوبے پر امریکی تنقید قابل مذمت ہے،شاہد رشید بٹ

  



اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے سی پیک منصوبے پر امریکی تنقید قابل مذمت جبکہ پاکستان اور چین کی جانب سے اس منصوبے کو مکمل کرنے کا عزم لائق تحسین ہے،دونوں دوست ملکوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا ناممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے صرف چین کو نہیں بلکہ پاکستان کو بھی فائدہ ہو گا اور اس کا انفراسٹرکچر بہتر ہو جائے گا جبکہ صنعتیں لگنے سے لاکھوں افراد کو ملازمتیں بھی ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چین کی اقتصادی ناکہ بندی اور پاکستان میں اپنا اثر رشوخ بڑھانے کے لیے سی پیک کو نشانہ نہ بنائے اور نہ ہی پاکستان کوچین کے خلاف میدان جنگ سمجھے، امریکہ کے لئے بہتر ہو گا کہ اپنے مشورے اپنے پاس ہی رکھے اور اس منصوبے کو قبول کر لے کیونکہ پاکستان اور چین اس کی افادیت سے آگاہ ہیں اور ان کے لئے اس سے پیچھے ہٹنے کا آپشن موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان سمیت کسی ملک کا اس طرح استحصال نہیں کیا جس طرح مغربی ممالک کرتے ہیں اور یہ دوست ملک پاکستان کو کبھی ایسے وقت میں قرضوں کی واپسی کے لئے مجبور نہیں کرے گا جب ادائیگی میں مشکلات حائل ہوں۔انہوں نے کہا کہ اگر ملکی تاریخ کے اس سب سے بڑے منصوبے سے پاکستان کو نقصان ہو گا تو امریکہ کو اس کی اتنی فکر کیوں ہے۔

مزید : کامرس