افغانستان،اتحٓدی افواج کا فضائی حملہ،9شہری جاں بحق

افغانستان،اتحٓدی افواج کا فضائی حملہ،9شہری جاں بحق

  



کوہاٹ / کابل(این این آئی، آن لائن) افغانستان کے مغربی صوبہ فراہ میں اتحادی افواج کے فضائی حملے میں (9) افغان شہری جاں بحق اور پانچ دیگر شدید زخمی ہوگئے جبکہ وسطی کجران ضلعے میں متعدد چیک پوسٹوں پر ہفتے اور اتوار کی رات طالبان نے متعدد چیک پوسٹوں پرحملے کئے جس سے18اہلکار مارے گئے، حملوں میں 4افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ افغان میڈیا نے مغربی صوبہ فراہ کے صوبائی کونسل کے ممبرخیرمحمدنوروزی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتہ کی شب اتحادی افواج نے ضلع پشت رود کے گج گین نامی گاؤں پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں (9)افغان شہری جاں بحق اور پانچ دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس میں مقامی ہسپتال حکام کے حوالے سے مزید بتایا ہے کہ پانچ زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک ہے جنہیں پڑوسی صوبہ ہرات کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔دریں اثناء فغان طالبان کے تازہ حملوں میں سکیورٹی فورسز کے18 اہلکار مارے گئے ہیں۔ جنگجوؤں نے وسطی کجران ضلعے میں متعدد چیک پوسٹوں پر ہفتے اور اتوار کی رات حملے کیے۔ حملوں میں چار افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ صوبائی گورنر کے نائب محمد علی عروز غنی نے بتایا ان منظم حملوں میں لگ بھگ دو سو جنگجو ملوث تھے۔ جوابی کارروائی میں طالبان کے پچیس ارکان کو بھی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے لیکن آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ حکام نے بتایا ہے کہ ایک چیک پوسٹ پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے اور اگر متاثرہ ضلعے کی طرف سکیورٹی دستوں کی اضافی نفری روانہ نہ کی گئی، تو پورے ضلعے کے ہاتھ سے نکلنے کا خطرہ ہے۔

افغانستان

مزید : صفحہ آخر