پیپلز پارٹی جہاں ہاتھ لگا دے وہاں کرپشن بڑھ جاتی ہے، فردوس شمیم
کراچی (این این آئی) قائد حز ب اختلاف سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کے 12 سالہ دور حکومت میں یہی کہتی آئی ہے کہ قومی اداراہ برائے امراض قلب سب سے بہترین طریقے سے چلایا جارہا ہے۔ قومی اداراہ برائے امراض قلب ایک بہترین ادارہ ہے جو عوام کی بہترین خدمت کررہا ہے لیکن قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے حوالے سے بڑی کرپشن، بے ضابطگیاں اور رشوت خوری کے انکشافات ہوئے ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جس چیز پر پیپلز پارٹی کا ہاتھ لگ جاتا ہے اس کے ساتھ ایک چیز بڑھتی چلی جا رہی ہے اسے کرپشن کہتے ہیں۔جسٹس گلزار کہتے ہیں کہ اس سے زیادہ کرپٹ صوبائی حکومت کوئی نہیں۔یہ باتیں انہوں نے اتوار کے روز پارٹی سیکریٹریٹ”انصاف ہاوس“ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمرا ہ اراکین سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ، ڈاکٹر سیما ضیاء، پی ٹی آئی رہنما شیراز علی اور طاہر ملک بھی موجود تھے۔فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ ادارے کے اندر این آئی سی وی ڈی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے ایک بلڈنگ زیر تعمیر تھی جس کا کام 80فیصد مکمل ہوچکا تھا لیکن ادارے میں بے قاعدگیوں کی وجہ سے انہوں نے بلڈنگ کے لئے فنڈنگ بند کردی۔وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت کو ان معاملات کا علم ہے لیکن انہوں نے اسے ٹھیک کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔
فردوس شمیم