سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے:اسد عمر
اسلام آباد (آئی این پی/شِنہوا)وزیر منصوبہ بندی وترقی اسدعمر نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت دوسرے مرحلہ میں صنعتی تعاون، ملک میں روز گار کے مواقع تیزی سے فروغ پائیں گے۔اسد عمر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ دوسرے مرحلہ کے تحت ملک میں 9خصوصی اقتصادی زونز کی تعمیر کا آغاز ہوگا، جن میں سے پہلے اقتصادی زون کا افتتاح جلد خیبرپختونخواہ میں کیا جائیگا، سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے، جس کے تحت انفراسٹرکچر کو بہتربنایا گیا، توانائی کے منصوبے مکمل کیے گئے اور گوادر بندرگاہ کو فعال کیا گیا اور اب دوسرے مرحلہ میں صنعتی تعاون، زرعی شعبہ کی ترقی اور سماجی شعبہ میں تعاون فروغ پارہا ہے۔انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ سی پیک پاکستان پر قرضوں کا بوجھ ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت اب تک 2.34فیصد کی شرح سود سے 4.9ارب ڈالر کے قرضے حاصل کیے گئے،جبکہ ایک بڑی رقم کی سرمایہ کاری کی گئی،سی پیک پاکستانی معیشت پر بوجھ نہیں ہے بلکہ اس منصوبہ کی مدد سے معیشت کو بحران سے باہر میں مدد ملی۔سی پیک سے انفراسٹرکچر کی تعمیر ترقی میں انقلاب آیا، اور پاکستان میں سرمایہ کاری ہوئی۔سی پیک منصوبہ امداد نہیں بلکہ تجارت کے زمرے میں آتا ہے،انہوں نے تنقید کرنے والوں سے کہا کہ آپ قدم بڑھائے اور سی پیک کے تحت پیدا ہونے والے مواقوں میں سرمایہ کاری کیجئے۔
اسد عمر