صاف پانی کی فراہمی کے لئے خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں،راجہ راشد

صاف پانی کی فراہمی کے لئے خطیر رقم خرچ کر رہے ہیں،راجہ راشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر خطیر رقوم خرچ کر رہی ہے. پانی اور ماحول کی آلودگی صحت عامہ کو بری طرح متاثر کرنے کاموجب ہے جس پر ماضی میں مناسب توجہ نہیں دی گئی. تحریک انصاف کی وفاقی و صوبائی حکومتیں اس مسئلہ کے حل کیلئے پورے خلوص کے ساتھ کام کر رہی ہیں. کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت وسیع پیمانے پر شجر کاری اور پلاسٹک شاپروں کے استعمال پر پابندی سمیت متعدد دیگر اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں جو عوامی تعاون کے بغیر پوری طرح کامیاب نہیں ہو سکتے لہذا عوام الناس کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان فلاحی کاموں میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں.

 انہوں نے یہ بات اپنے حلقہ انتخاب پی پی 16 کی یونین کونسل 34 میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بنائے گئے نئے ٹیوب ویل کا افتتاح کرنے کے موقع پر معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی. انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی ترقی نہیں ہونے دی اور وسائل کا بڑا حصہ مقتدر لوگوں کی تجوریوں میں جانے کے باعث عوام کی محرومیوں میں اضافہ ہوا. تحریک انصاف ملکی وسائل کو عوام کی فلاح اور بہبود پر خرچ کرنے کو یقینی بنا رہی ہے اور کرپشن کی جڑیں کاٹی جا رہی ہیں. اسی لئے کرپٹ اور استحصالی نظام کے پروردہ اور فیض یاب سخت مزاحمت کر رہے ہیں مگر یہ رکاوٹیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں. راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے حکومت کے زیر کنٹرول سستے کسان بازاروں سمیت دیگر اقدامات نے عوام کو خاطر خواہ ریلیف دیا ہے. حکومت مہنگائی کے خاتمے کیلئے مزید موثر اقدامات بھی اٹھا رہی ہے. انہوں نے یونین کونسل 34  کے عوام کو نئے ٹیوب ویل کی تنصیب کی مبارکباد بھی دی اور کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائینگے. اس موقع پر اہل علاقہ نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں علاقے میں درپیش دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پر راجہ راشد حفیظ نے ان کے حل کی یقین دہانی کرائی.