اپوزیشن نیا الیکشن کمشنر نہیں چاہتی، اپنے بیانیہ سے قوم کو گمراہ کر رہی ہے: فردوس عاشق

اپوزیشن نیا الیکشن کمشنر نہیں چاہتی، اپنے بیانیہ سے قوم کو گمراہ کر رہی ہے: ...

  



اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے ا طلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سے متعلق اپوزیشن کے بیا نیہ پر شدید تحفظات ہیں،اپوزیشن ایسا بیانیہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہے،اس حوالے سے قانونی لائحہ عمل بنا کر عوام اور میڈیا کو اعتماد میں لیا جائے گا،پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں فنڈنگ کے حوالے سے تمام آئینی و قانونی جواب جمع کرا دیئے ہیں۔وزیراعظم میگا منصوبوں میں ہونے والی کامیابیوں سے عوام کو آگاہ کریں گے۔ بیرون ملک نواز شریف کی علاج معالجے کی کوئی تصویر سامنے نہیں آئی، نواز شریف کہیں بیڈ ہر لیٹے بھی نظر نہیں آئے۔جب تک نواز شریف کی حتمی بیماری سامنے نہیں آتی چہ مگوئیاں چلتی رہیں گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں کمیٹی نے ناروے میں افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی۔ کور کمیٹی نے معیشت کی بہتری کے لئے کاوشوں کو سراہا،کور کمیٹی نے معاشی بہتری پر وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ بے روزگار اپوزیشن میڈیا کے ذریعے ہرزہ سرائی میں مصروف ہے۔ الیکشن کمیشن سے متعلق اپوزیشن کے بیانیہ پر کمیٹی نے تحفظات کا اظہار کیا،اپوزیشن ایسا بیانیہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اپوزیشن جماعتوں کے خلاف الزامات کی درخواستیں بھی سنے۔ ایک جماعت کو ٹارگٹ کر کے الیکشن کمیشن کے وقار کو خراب کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے ڈونرز اور ارکان کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،تحریک انصاف تمام قانونی تقاضے پورے کر رہی ہے اور کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے پا رٹی کی تنظیم نو ہنگامی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ فرد آتے جاتے رہتے ہیں ادارے رہتے ہیں، الیکشن کمشنر جا رہے اپوزیشن چاہتی ہے یہی الیکشن کمشنر فیصلہ کریں، الیکشن اسی الیکشن کمشنر کی نگرانی میں ہوئے، اس الیکشن کے نتائج اپوزیشن نے تسلیم نہیں کیے، اب ان کو کیسے یقین ہوگیا کہ الیکشن کمشنر فیصلہ ٹھیک کر ینگے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے نواز شریف کی صحت کے لئے سہولت کاری کی، بیرون ملک نواز شریف کی علاج معالجے کی کوئی تصویر سامنے نہیں آئی، نواز شریف کہیں بیڈ ہر لیٹے بھی نظر نہیں آئے، ضمانت کے بعد نواز شریف کی پہلی رونمائی دیکھ کر عوام حیران ہوئی، بیرون ملک میں میڈیکل کی تمام سہولتیں ہیں لیکن نواز شریف کی کوئی حتمی بیماری سامنے نہیں آئی، جب تک نواز شریف کی حتمی بیماری سامنے نہیں آتی چہ مگوئیاں چلتی رہیں گی۔

فردوس عاشق

مزید : صفحہ اول