ایران کی داخلی امن تباہ کرنیوالے ممالک کو خطرناک نتائج کی دھمکی

ایران کی داخلی امن تباہ کرنیوالے ممالک کو خطرناک نتائج کی دھمکی

  



تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے داخلی معاملات میں مداخلت اور شہریوں کو حکومت کیخلاف اکسانے والے ممالک کو خطرناک نتائج کیلئے تیار رہنے کی دھمکی دیدی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے خطے کی دیگر ریاستو ں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ایران کے داخلی معاملات میں ٹانگ نہ اڑائیں، شہریوں کو ہڑتال اور احتجاج کیلئے اکسا کر امن و امان کی صورت حال کو تہہ و بالا کرنے کی ناپاک سازش نہ کریں۔ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری نے مزید کہا اگر کسی ملک نے ایران میں داخلی سطح پر بد امنی پھیلانے کی کوشش کی، تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ ایران کو دوسرے ممالک کی مداخلت کے شواہد مل گئے تو ایسے ممالک کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔واضح رہے ایران میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد ملک بھر میں پر تشدد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک ایک ہزار سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ درجنوں مظاہرین ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ایران ان مظاہروں کا الزام غیر ملکی حمایت یافتہ قوتوں پر عائد کرتا ہے۔

ایران دھمکی

مزید : صفحہ اول