حکومت دو نہیں ایک پاکستان کا وعدہ پورا کر یگی،جمشید چیمہ

حکومت دو نہیں ایک پاکستان کا وعدہ پورا کر یگی،جمشید چیمہ

  



لاہور (سٹی رپورٹر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشیداقبال چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دو نہیں ایک پاکستان کے وعدے کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھانہیں رکھے گی،اپوزیشن کیلئے کرپشن آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے اور ماضی میں اسی کے ذریعے سیاسی طاقت حاصل کی گئی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے مرکزی دفتر میں رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ (ن) لیگ والے قوم کو بتائیں اسحاق ڈار،سلمان شہباز اور علی عمران کیوں بیرون ملک فرار ہوئے اور واپس کب آئیں گے؟، سابقہ حکمرانوں نے کرپشن او رلوٹ مار کیلئے قومی خزانے میں ہر طرف سے نقب لگا رکھی تھی، پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ احتساب کے شکنجے کی گرفت مزید مضبوط ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ احتساب سے ملک بدنام نہیں ہورہا بلکہ پتہ چلتا ہے کہ نظام نے کام کرنا شروع کردیا ہے اور اسی وجہ سے کرپشن کرنے والوں کے چہرے کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔انشا اللہ احتساب کاعمل بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔حکومت نے سیوریج کے نظام کی بہتری کے لئے اربوں روپے سے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے بھی عملی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1