ماضی کے حکمرانوں نے قومی دولت پر ہاتھ صاف کر کے ذاتی تجوریاں بھریں، عثمان بزدار

ماضی کے حکمرانوں نے قومی دولت پر ہاتھ صاف کر کے ذاتی تجوریاں بھریں، عثمان ...

  



لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا صرف ایک پلان ہے اور وہ عوام کی خوشحالی اورملک کی ترقی ہے۔اے،بی اورسی پلان والے پاکستان کی پائیدار ترقی روکنا چاہتے تھے لیکن محب وطن عوام نے مارچ سے لاتعلق رہ کر ان عناصر کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مارچ کرنے والوں کو پہلے عوام نے عام انتخابات میں رد کیا اوراب پھر یکسر مسترد کیا ہے۔عوام نے ان عناصر کاہر غیرجمہوری پلان ناکام بنایاہے۔پوری قوم جان چکی ہے کہ دھرنا دینے والوں کا ایجنڈا صرف ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے اقتدار کاحصول ہے-انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی اے،بی،سی پلان نہیں چلے گا۔ اب پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا پلان ہی چلے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت میں مصروف ہے۔اللہ تعالیٰ کا بے پایاں فضل وکرم ہے کہ اس حکومت کا کرپشن کاکوئی بھی سکینڈل نہیں ہے- انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف اور ایماندار حکومت ہے۔ ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے۔انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں قومی دولت پر ہاتھ صاف کر کے ذاتی تجوریاں بھری گئیں - جن سیاستدانوں نے لوٹ مار کی ہے ان کا حساب ضروری ہے۔کرپشن کے خلاف جنگ میں 22کروڑ عوام وزیراعظم عمران خان کے سنگ ہیں - سردا ر عثمان بزدار نے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ترقیاتی منصوبوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پرپیش رفت کی خود نگرانی کروں گا اور پسماندرہ علاقوں کی ترقی کی راہ میں کسی کو حائل ہونے کی اجازت نہیں دوں گا-انہوں نے کہا کہ ترقی پسماندہ علاقوں کے لوگوں کا حق ہے اورہماری حکومت یہ حق دوردراز علاقوں میں رہنے والوں کو لوٹارہی ہے - سردار عثمان بزدار نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین پر تشدد خلاف انسانیت فعل ہے اورخواتین پر تشدد ایک معاشرتی برائی اور قانوناً جرم ہے۔ کسی بھی عورت کیساتھ صرف عورت ہونے کی بنیاد پرناانصافی ظلم کے مترادف ہے۔خواتین کو بااختیار بناکراوربرابر کے حقوق دے کر ایسی معاشرتی برائی کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے خواتین کو جن حقوق سے نوازا ہے،کسی معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی ترجیحات میں شامل ہے۔خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی کی گئی ہے۔خواتین کی دادرسی اورانہیں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ملتان میں سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر کام کر رہا ہے اور اس سنٹر میں پولیس،پراسیکیوشن، میڈیکل اور فرانزک کی سہولتیں ایک ہی جگہ پر دستیاب ہیں۔ خواتین کی دادرسی اورانہیں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے قائم سنٹرز کا دائرہ کار صوبہ بھر میں پھیلایا جائے گا۔نئے پاکستان میں خواتین پر تشدد کے حوالے سے وضع کردہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تشدد کا شکارخواتین کی داد رسی کیلئے اقدامات کرنے میں سنجیدہ ہے۔نئے پاکستان کا خواب خواتین پر تشدد کے مکمل خاتمے تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔یہ دن تشدد کا شکار خواتین کو تحفظ دے کر انہیں معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے ہم سب کو مذہبی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات تسلسل کیساتھ جاری رکھیں گے۔

عثما ن بزدار

مزید : صفحہ اول