مضر صحت اجزاء، دیسی گھی ور کھویا بنانے والے 20یونٹ سیل

  مضر صحت اجزاء، دیسی گھی ور کھویا بنانے والے 20یونٹ سیل

  



لاہور(سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر)محمدعثمان کی ہدایت پر ڈیری سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں دیسی گھی اور کھویا یونٹس کی سیمپلنگ مہم کے نتائج جاری کردیے۔ ممنوعہ اور مضر صحت اجزاء کے استعمال پر یونٹس کوسیل جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر جرمانے اور وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق لاہور زون میں 139، راولپنڈی 55،ملتان میں 37اور مظفر گڑھ زون میں 32 پروڈکشن یونٹس کو چیک کیا گیا۔صوبہ بھر میں 428دیسی گھی اورکھویا یونٹس کی چیکنگ کے دوران مضر صحت اجزاء کے استعمال پر 20 کو سیل جبکہ 8کی پروڈکشن اصلاح تک بند کردی گئی۔اسی طرح ناقص انتظامات پر64کو جرمانہ جبکہ معمولی نقائص پر 324کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔ڈیری سیفٹی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران695کلو ملاوٹی کھویا،200کلو بناسپتی گھی،154 کلو خشک پاؤڈر،50کلو سوجی اور بھاری مقدار میں کیمیکل برآمدکیے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سیل کیے گئے یونٹس پر کھوئے میں سکمڈ ملک، ویجیٹیبل آئل اور خشک پاؤڈر کی ملاوٹ کی جا رہی تھی۔چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ نے عوام سے گزارش کی کہ عوام بازار کی نسبت گھر کی بنی اشیائے خورونوش کو ترجیح دیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1