خیبر پختونخوا کو بین الاقوامی سطح پر تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے: محمود خان
پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور پورے صوبے بشمول قبائلی اضلاع کی مجموعی ترقی صوبائی حکومت کا عزم ہے۔ اْنہوں نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں اصلاحات کے سا تھ ساتھ معیشت کے استحکام کیلئے عملی اقدامات اْٹھائے ہیں۔ صوبے میں معاشی ترقی کیلئے سپیشل اکنامک زونز کا قیام، سیاحت کا فروغ، انصاف روزگار سکیم کا اجراء، صحت انصاف کارڈ کی پورے صوبے میں توسیع، قبائلی اضلاع میں چھوٹی صنعتی زونز کا قیام جیسے اہم اور عملی اقدامات اْٹھائے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیراعلیٰ ہا?س پشاور میں اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیاہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ تحریک انصاف ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جو پہلی دفعہ ایک فلاحی ریاست کے قیام کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے جبکہ انصاف کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور معاشرے کے کمزور طبقے کی ترقی کے وڑن پر عمل پیرا ہے۔ ہم نے سیاست سے بالاتر ہو کر پسماندہ اور کمزور طبقے کیلئے خصوصی اقدامات اْٹھانے ہیں۔ صوبے کے تمام اضلاع کی دیر پا ترقی اور وہاں پر بنیادی خدمات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں میں صحت اور تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور وہاں پر تعلیم اور صحت کی فراہمی کیلئے توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ اْنہوں نے مزید کہاکہ جنوبی اضلاع کی ترقی کیلئے پشاور تا ڈی آئی خان ایکسپریس وے کی تکمیل ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنائی جائے گی جس سے نہ صرف عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ جنوبی اضلاع میں تجارتی سرگرمیوں اور صوبے کے بڑی بڑی منڈیوں تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مستحکم معیشت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ہم بین الاقوامی سطح پر صوبے کو تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانے جارہے ہیں۔ اْنہوں نے کہاہے کہ یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، صوبائی حکومت ان وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے کوشاں ہے۔ سیاحت کو بطور صنعت متعارف کرایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کو سیاحت کے لحاظ سے ترقی دی ہے، جس سے بین الاقوامی سیاح صوبے کا رخ کریں گے جو صوبے کی معیشت میں اہم اور نمایاں کردار ادا کرنے جارہا ہے۔