پشاور،رہائشی مکان میں ہیروئین بنانیوالی فیکٹری پکڑی گئی 

    پشاور،رہائشی مکان میں ہیروئین بنانیوالی فیکٹری پکڑی گئی 

  



پشاور(آن لائن)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بھانہ ماڑی کی حدود میں رہائشی گھر میں قائم ہیروئن فیکٹری کو سیل کر دیا، ہیروئن بنانے میں ملوث افراد نے کرایہ پر گھر حاصل کر کے بالائی منزل پر مکروہ دھندہ شروع کیا تھا، خفیہ اطلاع پر ہونے والی کاروائی کے دوران دو کلو گرام اعلی کوالٹی ہیروئن، چار کلو گرام کیمیکل، بھاری مقدار میں خام مال اور مختلف مشینری سمیت ایک عدد کلاشنکوف بھی برآمد کر لی گئی ہے، ملوث ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے ہیں جن کی شناخت کر کے گرفتاری کی خاطر خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں ایک رہائشی مکان میں ہیروین بنانے والی فیکٹری قائم کی گئی ہے جہاں پر ہیروئن بنا کر ملک کے دیگر شہروں کو سمگل کئے جانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جس پر ایس پی سٹی عتیق شاہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی عمران اللہ نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ دورہ روڈ پر مسمیان سید رحیم اور سید محمد پسران عبد الرحیم کے گھر پر کارروائی کرتے ہوئے گھر کے بالائی منزل پر قائم ہیروئن فیکٹری سیل کرتے ہوئے دو کلو گرام اعلی کوالٹی ہیروئن، چار کلو گرام کیمیکل، بھاری مقدار میں خام مال اور مختلف مشینری سمیت ایک عدد کلاشنکوف بھی برآمد کر لی ہے، ملوث ملزمان ہیروئن بنا کر دیگر شہروں کو سمگل کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سمگل کرنے کی بھی تیاریاں کر رہے تھے جو پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی بالائی منزل سے دیواریں پھلانگتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جن کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تھانہ بھانہ ماڑی پولیس نے ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جن کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔

ہیروئن فیکٹری

مزید : علاقائی