وارداتوں پر قابو پانے کیلئے مربوط لائحہ عمل اپنایا جائے،اشفاق خان

 وارداتوں پر قابو پانے کیلئے مربوط لائحہ عمل اپنایا جائے،اشفاق خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور (آن لائن)ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری، رابری اور سنگین وارداتوں پر قابو پانے کیلئے جدیدٹیکنالوجی اور مربوط لائحہ عمل اپنایا جائے۔سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کرائم کنٹرول اورلاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے سپروائزری کردار کو مزید موثر بنائیں۔ تمام ایس ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکلیں،ڈے اینڈ نائٹ پٹرولنگ شیڈول کو نتیجہ خیز اور موثر بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں  ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں انسداد کرائم،آپریشنل و سکیورٹی سٹرٹیجی کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کرائم کنٹرول کے ذریعے ہی پولیس افسران اپنے کارکردگی کے بنیادی عشاریئے (KPIs)بہتر بنا سکتے ہیں۔پولیس اسٹیشنز کی کیٹگری میں حقیقی ضروریات کو مدنظر رکھ کرآپریشنل تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں جن کے تحت25تھانوں کو آبادی اور کرائم کے حجم کے لحاظ سے کیٹیگری اے میں رکھا گیا ہے۔ 35تھانے کیٹیگری بی جبکہ 24 تھانے کیٹیگری سی میں شامل ہوں گے۔اے کیٹیگری کے25تھانوں کو بھرپور افرادی قوت اور لاجسٹک وسائل فراہم کریں گے۔ 
تمام تھانوں میں انسپکٹرز ایس ایچ اوز کے علاوہ سینئر سب انسپکٹرز کو ایڈیشنل ایس ایچ اوز تعینات کیا جائے گا۔پولیس افسران اشتہاری و عادی مجرمان کی گرفتاری کے لئے کارروائیاں تیز کریں۔ پتنگ بازی ایکٹ پر موثر عمل درآمدکے لئے پتنگیں بنانے والے مینو فیکچرز کو کارروائیوں کا ہدف بنائیں۔جرائم کی ایف آئی آر میں ہرگز تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری و عادی مجرمان، خطرناک ملزمان اور گینگز کی سرکوبی کے لئے ٹیمیں بنائیں۔اشفاق خان نے کہا کہ پولیس افسران کی کارکردگی کا ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔ میرٹ کو فروغ دیں، کرپشن، قبضہ مافیا، سفارشی کلچر اورضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی حوصلہ شکنی کریں۔لوکل اینڈ سپیشل لاز کے تحت قانون شکن عناصر کے خلاف کارکردگی بہتر بنائیں۔ایس پیز اور ڈی ایس پیز ماتحت افسران و دیگر اہلکاروں کی روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ کریں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے پتنگ بازی ایکٹ  پر عمل درآمد میں اچھی کارکردگی پر تھانہ فیکٹری ایریا، شاہدرہ اور فیصل ٹاؤن کے ایس ایچ اوز کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ایس ایس پی آپریشنز لاہور محمد نوید نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹس کی بیٹس اور سیکٹرز کی بھی تنظیم نوکی جارہی ہے۔پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ، سرچ آپریشنز،فلیگ مارچ اور جنرل ہولڈ اپ کو ایک دوسرے سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ ڈولفن سکواڈ کی پٹرولنگ سٹرٹیجی میں بھی سٹریٹ کرائم کے حجم،وقت اور جگہ کے مطابق تبدیلی کی گئی ہے۔بغیر نمبر،مشکوک اور جعلی نمبر ز والی موٹر سائیکلوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ 

مزید :

علاقائی -