نارویجن سفیر کو ملک بدر کیا جائے،الیاس عمر نے امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کر دیا:حافظ نعیم الرحمٰن
کرچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف الیاس عمر کے جرات مندانہ اقدام نے پوری امت کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے،ناروے کے سفیر کو فوری طور پر ملک سے نکالا جائے، توہین قرآن کے مسئلہ کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے اور اس حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناروے میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف قائد آباد ڈی سی آفس کے سامنے مرکزی احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے امیر ضلع ملیر محمد اسلام اور دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر قرآن مجید کی بے حرمتی میں ملوث شخص کے خلاف کلمات درج تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دنیا بھر میں اسلام پرمختلف انداز سے یلغار کی جارہی ہے، مسلمانوں کے دل سے اسلام کی محبت نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، مسلمان عمل میں کمزور ہوسکتا ہے، لیکن کسی ایک مسلمان کو بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کی بے حرمتی اور شان میں گستاخی برداشت نہیں ہے، برسوں کی غلامی کا نتیجہ ہے کہ آج کفار اس قدر بے باک ہوگئے ہیں کہ وہ اب سر عام قرآن مجید کی بے حرمتی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر مہذب ممالک، مذاہب اور آسمانی کتابوں کے احترام، امن، مذہبی رواداری کی بات کرتے ہیں،لیکن دنیا نے دیکھا کہ کس طرح قرآن مجید کی بے حرمتی کانظارہ دیکھنے کے لیے لوگ جمع تھے اور ان کی حفاظت کے لیے پولیس موجود تھی، جو اس موقع پر بدبخت کو رروکنے کے بجائے الیاس عمر کو قابو کر رہی تھی، مسلم حکمران قرآن مجید کی بے حرمتی پر خاموشی اختیار کرکے اسلام سے غداری کررہے ہیں، لیکن یہ بات حقیقت ہے کہ ہمارے دلوں سے قرآن مجید کی محبت نکالی نہیں جاسکتی۔ محمد اسلام نے کہا کہ قرآن کا احترام اور بنی ؐکی شریعت ہمارا ایمان کا حصہ ہے، اللہ کے کلام اور رسولؐکی شان میں گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی، غیر ت ایمانی ہی اصل زندگی ہے۔ علاوہ ازیں شہر کے اہم مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے، جس سے امراء اضلاع منعم ظفر، فاروق نعمت اللہ خان، محمد یوسف، عبدالجمیل خان، توفیق الدین صدیقی، شاہد ہاشمی، سیف الدین ایڈووکیٹ، فضل احد، سید عبد الرشیدنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمنان دین کا ازلی حربہ ہے کہ وہ ہر تھوڑے دن بعد گھناؤنی حرکتیں کرکے مسلم امہ کو مشتعل کرتے ہیں اور یہ بھول جاتے ہیں کہ مسلمان بے عمل ہوسکتا ہے،لیکن غیرت ایمانی سے خالی نہیں،آج عالم کفر پوری دنیا میں ایک جانب مسلمانوں پر زندگی تنگ کر رہا ہے، مختلف ممالک میں قتل عام جاری ہے اور دوسری جانب عالمی امن کے دعویدار ادارے، تنظیمیں ایسے شرمناک، اشتعال انگیز واقعات کو روکنا تو دور الٹا، اس طرح کی حرکتوں میں ملوث افراد کی سرپرستی کرتی ہیں۔#