جھنگ میں 13 سالہ شازیہ کے قتل کا ملزم گرفتار کر لیا گیا

جھنگ میں 13 سالہ شازیہ کے قتل کا ملزم گرفتار کر لیا گیا

  



جھنگ (این این آئی)جھنگ میں کم سن بچی شازیہ کے قتل کے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا، ملزم مقتولہ کا پڑوسی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم نے 7 روز قبل 13 سال کی شازیہ کو زیادتی کی کوشش میں مزاحمت پر قتل کیا تھا۔ڈی پی او جھنگ عطاء الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 6 روز قبل مورخہ19 نومبر 2019 کو پولیس کو ایک بند بوری بچی کی نعش کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن کے ماہرین پہ مشتمل ٹیم کرائم سین پہ بھیجی گئی جس نے انتہائی مہارت سے تمام متعلقہ ثبوت و شواہد اکٹھے کئے اور مقدمہ نمبر434 مورخہ19/11/19 بجرم302/201 ت پ تھانہ سٹی جھنگ درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کیا۔ کرائم سین کے ارد گرد CCTV کیمروں کی فوٹیجز، جیو فینسنگ اور واقعاتی شہادت کی بنا پر مشکوک افرد کو شامل تفتیش کیا گیا۔دوران تفتیش آصف نامی شخص نے اقبال جرم کر لیا۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے مقتولہ شازیہ کو زیادتی کرنے کی نیت سے بہلا پھسلا کر گھر بلایا اور زبردستی زیادتی کرنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پہ اس نے بچی کے گلے میں پھندا ڈال کے قتل کر دیا اور نعش کو ایک بوری میں بند کر کے سائیکل پہ لاد کر بائی پاس علاقہ تھانہ سٹی جھنگ میں ایک جگہ پہ پھینک کر چلا گیا۔ پولیس نے وقوعہ میں استعمال ہونے والی بوری، سائیکل، پھندا اور دیگر تمام ثبوت و شواہد اکٹھے کر لئے ہیں اور فرانزک شہادت کو تجزیہ کروانے کے لئے PFSA لاہور بھجوا دیا ہے۔DPO جھنگ عطاء الرحمان نے اس موقع پہ کہا ہے کہ بچے سب کے سانجھے ہوتے ہیں اور ان کا استحصال کرنے والے درندوں کو معاشرے سے ختم کر کے دم لیں گے۔ اس حوالے سے ہم مختلف سکولوں اور کالجوں میں آگاہی لیکچرز بھی دے رہے ہیں تا کہ بچے، اساتذہ اور والدین بچوں کے تحفظ بارے عملی اقدامات کریں۔ڈی پی او نے بتایا کہ ملزم آصف مقتولہ کا پڑوسی ہے اور رنگ سازی کا کام کرتا ہے، جس نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ڈی پی او حافظ عطاء الرحمن نے ملزم کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

شازیہ ملزم گرفتار

مزید : علاقائی