صوابی‘ اندھے قتل کا ڈراپ سین‘ قاتل سگا بھائی نکلا

صوابی‘ اندھے قتل کا ڈراپ سین‘ قاتل سگا بھائی نکلا

  



صوابی (بیورورپورٹ)نواں کلی ضلع صوابی میں اندھے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا۔ قاتل مقتول کا سگا بھائی نکلا جنہوں نے دو کنال پلاٹ کی خاطر اجرتی قاتل کے ذریعے اپنے بھائی کو قتل کیا اس سلسلے میں ڈی ایس پی رزڑ اعجاز ابازئی نے ایس ایچ او کالو خان خالد اقبال اور تفتیشی آفیسر انسپکٹر سلطان محمود کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اکیس ستمبر کو کالو خان پولیس کو اطلاع ملی کہ پولیس چوکی اتم کے حدود میں ایک نوجوان کو نامعلوم افراد نے قتل کر کے لاش ویرانے میں پھینک دی ہے۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی اندھے قتل کا سراغ لگانے کے لئے پولیس آفسران پر مشتمل ڈی پی او صوابی سید خالد ہمدانی نے ایک ٹیم تشکیل دی جنہوں نے جدید خطوط پر اس اندھے قتل کا سراغ لگا کر ایک شخص صالح زمان سکنہ اسماعیلہ کو گرفتار کر لیا جنہوں نے دوسرے ملزم کا نام بھی اگل دیا۔ جس پر پولیس نے مقتول کے بھائی ملزم محمد اصغر سکنہ نواں کلی کو گرفتار کر لیا انہوں نے اپنے بھائی کے قتل کا اعتراف بھی کر لیا۔اور پولیس کو بتایا کہ انہوں نے دو کنال پلاٹ کے حصول کی لالچ پر اجرتی قاتل صالح زمان کے ذریعے بارہ ہزار روپے اور مقتول بھائی کی موٹر سائیکل کے عوض قتل کر وایا اور اپنے بھائی احمد علی کو اس بہانے پر پلاٹ تک پہنچا کر وہاں پستول سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر