کامران بنگش کی ہدایت پر PK-77میں تمام پارکس کا تفصیلی جائزہ،جمخانہ 10دسمبر تک کھول دیا جائیگا

کامران بنگش کی ہدایت پر PK-77میں تمام پارکس کا تفصیلی جائزہ،جمخانہ 10دسمبر تک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کی ہدایت پر خصوصی ٹیم نے PK-77 میں واقع پبلک پارکس اور پشاور جمخانہ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ خصوصی ٹیم کی سربراہی کرتے ہوئے محکمہ سائنس و آئی ٹی کے ترجمان ریاض غفور اور فوکل پرسن برائے پارکس عرفان سلیم کو پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ریاض اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد اقبال نے پشاور جمخانہ بارے آگاہ کیا کہ تمام گراؤنڈ کی ارتھ فلنگ مکمل کی گئی ہے جبکہ کرکٹ پچ کی تیاری کے لئے پنجاب سے بین الاقوامی معیار کی مٹی منگوائی گئی ہے جس پر کام آخری مراحل میں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کرکٹ گراؤنڈ اور ٹینس کورٹ میں اعلیٰ قسم کی گھاس لگائی جارہی ہے۔ جبکہ تمام گراؤنڈ میں نئی واٹرسپلائی پائپ اور باؤنڈری وال سمیت شائقین کے لئے کرسیوں کی تنصیب کا کام بھی تقریبا مکمل ہونے کی قریب ہے۔  جمخانہ میں باہر سے آنے والے مہمانوں کے لئے بنائے گئے کمروں اور ہال پر بریفنگ دیتے ہوئے ٹیم کو بتایا گیا کہ واش رومز، ٹائلز، بجلی سمیت دیگر کاموں پر کام اسی مہینے کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔  جائزہ ٹیم نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ریاض کو آگاہ کیا کہ معاون خصوصی چاہتے ہیں کہ 15 دسمبر سے پہلے پہلے جمخانہ میں ترقیاتی کام مکمل کیا جائے جس کا پھر باقاعدہ افتتاح بھی وہ کریں گے،لہذا کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔واضح رہے کہ پشاور جمخانہ میں سال 1957ء کے بعد اتنے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام نہیں ہوا تھا، یہ پہلی بار ہے کہ پشاور جمخانہ کو معاون خصوصی کامران بنگش کی  ذاتی دلچسپی کی بنیاد پرہر لحاظ سے تیار کیا جا رہا ہے۔ جس سے نہ صرف PK-77 کے عوام کے لئے بہترین تفریحی مقام دستیاب ہو پائے گا بلکہ پشاور کی خوبصورتی میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔دوسری جانب معاون خصوصی کامران بنگش کی خصوصی ٹیم نے شالیمار باغ میں عوام کے لئے کامران بنگش کی ہدایت پر لگائے20 ڈسٹ بن اور 24 بنچز کا معائنہ بھی کیا۔  پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال نے جائزہ ٹیم کو بتایا کہ شالیمار باغ میں عوام کے لئے سایہ دار سہولت یعنی کینوپیز لگانے کا آرڈر دیا گیا ہے جس کو نومبر کے آخر تک لگایا جائے گا۔  ٹیم نے  PK-77 میں قادر آباد پارک کا بھی دورہ کیا، جہاں پر پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کام زور شور سے جاری ہے جبکہ 150 میٹر جاگینگ ٹریک بھی مکمل ہونے کی قریب ہے، جبکہ عوام کے لئے مارچ کے مہینے سے پہلے پہلے کھول دیا جائے گا۔  اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال نے قادر آباد پارکس کے حوالے سے تجویز پیش کی کہ یہاں پر واقع اگر سول ڈیفنس کے موجود دو کمروں کو کہیں اورمناسب جگہ شفٹ کیا جائے تو پارک کی رونق مزید نکھر جائے گی۔جس پر جائزہ ٹیم نے کہا کہ تمام پارکس کے حوالے رپورٹ کومعاون خصوصی کامران بنگش کو پیش کیا جائے گا جس میں اس تجویز کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔خصوصی جائزہ ٹیم نے حاجی کیمپ بس اسٹینڈ کے سامنے پلاٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کی ہدایت پرپارک کی منظوری کے بعد ہونے والے کام کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال نے جائزہ ٹیم کو آگاہ کیاکہ اس وقت ابتدائی کام کا سروے جاری ہے جسے ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا جس کے بعد باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔ محکمہ  سائنس و آئی ٹی کے ترجمان ریاض غفور نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کو کامران بنگش کی جانب سے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ معاون خصوصی PK-77 میں ترقیاتی کاموں کی نوعیت کے حوالے سے اور اس کی جلد از جلد تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔خصوصی ٹیم نے PK-77 میں اعجاز آباد پارک، شیخ آباد میں واقع دو پارکس سمیت گلبہار میں تین پارکس کا تفصیلی دورہ کیا وہاں پر لائٹس، بینچز، پانی اور بیوٹیفیکیشن کے حوالے سے پارکس کا جائزہ بھی لیا۔