برسبین ٹیسٹ،آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 5رنز سے ہرا دیا

برسبین ٹیسٹ،آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 5رنز سے ہرا دیا

  



برسبین(آئی این پی) آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 335 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم نے 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، محمد رضوان 95 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جوش ہیزلووڈ نے 4 اور مچل سٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں، مارنس لابوشین کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔گابا کرکٹ گراؤنڈ،برسبین میں میچ کے چوتھے روز شان مسعود اور بابر اعظم نے پاکستانی اننگز64رنز3کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی تو شان مسعود42رنز بنا کمنز کا شکار بنے،افتخار احمد بغیر کوئی رن بنائے ہیزل ووڈ کا شکار بنے،بابر اعظم اور رضوان نے چھٹی وکٹ کیلئے شاندار132رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور اس دوران بابر نے اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی،وہ104رنز بنا کر لیون کا شکار بنے،رضوان اور یاسرنے ساتویں وکٹ کیلئے 79رنز جوڑے جس کے بعد رضوان اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری سے5رنز قبل آؤٹ ہوگئے، یاسر شاہ بھی42رنز کی عمدہ باری کھیل کر ہیزل ووڈ کا تیسرا شکار بنے،شاہین آفریدی10رنز بنا کر ہیزل ووڈ کا چوتھا شکار بنے،عمر ان خان سینئر آؤ ٹ ہونیوالے آخری کھلاڑی تھے،قومی ٹیم دوسری اننگز میں 335رنز بنا سکی۔اس سے قبل گابا کے میدان میں کھیلے جانیوالے میچ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 580 رنز بنائے تھے۔آسٹریلیا کی جانب سے لبسشین نے 185 اور ڈیوڈ وارنر نے 154 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، شاہین شاہ اور حارث سہیل نے دو دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔یاد رہے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز سکور کئے تھے۔کینگروز نے پاکستان کے 240 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر اور جو برنز نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کیلئے 222 رنز کی شراکت داری قائم کی۔خیال رہے پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز سلامی بلے باز اظہر علی اور شان مسعود نے کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کیلئے 74 رنز کی شراکت داری قائم کی۔شان مسعود 27 رنز بنا کرکمنز کی گیند پر سیکنڈ سلپ میں سٹیو سمتھ کو کیچ تھما بیٹھے اور اگلے ہی اوور میں کپتان اظہر علی بھی 39 رنز بنا کر ہیزلووڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔سلامی بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل، بابر اعظم اور افتخار احمد بھی جلد پولین لوٹ گئے۔یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق اور یاسر شاہ کے درمیان اچھی شراکت داری قائم ہوئی۔یاسر شاہ 27 رنز جبکہ اسد شفیق 76 رنز کی بہترین اننگرز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے سٹارک نے 4، کمنز نے 3جبکہ ہیزل ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی