لارل بنک سکول سسٹم کے زیراہتمام سالانہ لٹل ماسٹر چیس ٹورنامنٹ

لارل بنک سکول سسٹم کے زیراہتمام سالانہ لٹل ماسٹر چیس ٹورنامنٹ

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر) لارل بنک سکول سسٹم (ایل پی ایس) کے زیر اہتمام سالانہ لٹل ماسٹر چیس ٹورنامنٹ کا انعقاد لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوا۔ لاہور بھر سے ڈھائی سو سے زائد نوجوان کھلاڑیوں نے اس میں حصہ لیا۔ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں تین کیٹگریز جن میں انڈر 10، انڈر 14 اور اوپن کیٹگری کے مقابلے ہوئے۔ انڈر 10 میں ارم ریحان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کھلاڑیوں کو مات دیکر چیمپیئن ہونے کا تاج اپنے سر سجایا جبکہ عبداللہ زبیر نے دوسری اور احمد معید یوسف نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ انڈر 14 کیٹگری میں محمد عادل عرفان سب سے نمایاں رہے اور انہوں نے چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ اس کیٹگری میں اجلال عامر نے دوسری اور بلال احمد بھٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اوپن کیٹگری میں راشد رفیق نے شاندار چال بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ نذر حسین نے دوسری اور حزا طارق نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ لارل بنک سکول کے ڈائریکٹر عمران میاں کا کہنا تھا کہ ان کا سکول سالانہ بنیادوں پر چیس ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتا ہے جس کا مقصد بچوں کی ذہنی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے ساتھ انہیں غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی مصروف رکھنا ہے۔

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب چیس ایسوسی ایشن کے عامر کریم کا کہنا تھا کہ لارل بنک سکول سسٹم کی اچھی کاوش ہے کہ وہ نوجوانوں میں پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی دلچسپی پیدا کر رہا ہے۔ چیس ٹورنامنٹ میں باصلاحیت کھلاڑی بھی سامنے آئے ہیں جو مستقبل میں پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر بھی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ ایسی سرگرمیوں کو جاری رہنا چاہیے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر ڈائریکٹر سکول عمران میاں اور پنجاب چیس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عامر کریم نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں 60 ہزار روپے کے کیش انعامات تقسیم کیے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی