بلاول نے مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی لیکن مریم نوازشرکت کریں گی یا نہیں؟ پتہ چل گیا

بلاول نے مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی لیکن مریم ...
بلاول نے مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی لیکن مریم نوازشرکت کریں گی یا نہیں؟ پتہ چل گیا

  



لاہور(ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔

خبررساں ایجنسی این این آئی کے  ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اے پی سی میں شرکت کیلئے چار رکنی اعلیٰ سطحی وفد شکیل دیدیا ہے۔وفد میں سینیٹر راجہ ظفر الحق، سابق وزیر داخلہ احسن اقبال، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور امیر مقام شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ن لیگ نے اعلی سطح کا وفد تشکیل دیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 26 نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ادھرمسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ شہباز شریف نے اے پی سی کیلئے وفد تشکیل دیدیاہے ،وفد راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں اے پی سی میں شرکت کرے گا۔

نجی نیوز چینل کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ شہباز شریف نے اے پی سی کیلئے وفد تشکیل دیدیاہے ،اپوزیشن کی اے پی سی 26نومبر کو دن گیارہ بجے ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا وفد راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں اے پی سی میں شرکت کرے گا ۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن کی اے پی سی 26نومبر کوبلائی گئی ہے جس کیلئے لئے مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے رابطے کئے ہیں اور اپوزیشن قیادت کواے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔

دوسری طرف  میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پیپلزپارٹی کاکہنا ہے کہ بلاول بھٹو اے پی سی میں خودشریک ہوں گے،بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد شریک ہوگا۔واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت مخالف آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے اے پی سی بلانے کافیصلہ کیا ہے اس حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی کئے جارہے ہیں ،پیپلزپارٹی نے مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔

مزید : قومی