محمد رضوان کے بعد شان مسعود بھی آسٹریلین کھلاڑیوں کے طنز کا شکار، کیا کچھ کہتے رہے؟ سٹمپ میں لگے مائیک نے بھانڈا پھوڑ دیا

محمد رضوان کے بعد شان مسعود بھی آسٹریلین کھلاڑیوں کے طنز کا شکار، کیا کچھ ...
محمد رضوان کے بعد شان مسعود بھی آسٹریلین کھلاڑیوں کے طنز کا شکار، کیا کچھ کہتے رہے؟ سٹمپ میں لگے مائیک نے بھانڈا پھوڑ دیا

  



برسبین (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی بلے باز شان مسعود کو تنگ کرنے کیلئے آسٹریلین کھلاڑی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے اور بیٹنگ کیلئے میدان میں موجود بلے باز پر فقرے کستے رہے۔

تفصیلات کے مطابق برسبین میں کھیلے گئے پاکستان اور آٹسریلیا کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی اوپنر شان مسعود کو تنگ کرنے کیلئے آسٹریلوی کھلاڑی فقرے بازی کرتے رہے تاہم سٹمپ مائیک پر دونوں آسٹریلوی کھلاڑیوں کی فقرے بازی ریکارڈ ہوگئی جس میں ان دونوں کھلاڑیوں کو شان مسعود کو تنگ کرنے کیلئے ان پر فقرے کستے سنا جاسکتا ہے۔

آسٹریلوی آل راﺅنڈر ڈیوڈ وارنر اور لیبسشیگن کی فقرے بازی میں ٹوتھ پیسٹ کے انٹرنیشنل برانڈ کا نام بھی لیا گیا۔ شان مسعود جب سپنر ناتھن لیون کو کھیلنے کیلئے خود کو تیار کررہے تھے تب شارٹ لیگ پر فیلڈنگ کرتے ہوئے لیبسشیگن نے کولگیٹ کا نام لیا جبکہ سلپ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے وارنر نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے پوچھا۔۔۔ کیا تم نے کولگیٹ کہا۔؟انہوں نے پوچھا تم کیا بتانا چاہ رہے ہو، کیا ان کے (شان مسعود) کے منہ سے بدبو آرہی ہے۔؟

اس موقع پر کمنٹری کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی ذاتی صفائی کے حوالے سے اس طرح کھلاڑیوں کو مختلف حوالے دیتے نہیں سنا۔ اسی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جب پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کریز پر تھے تو آسٹریلوی وکٹ کیپر ٹم پین نے محمد رضوان کو فقرے بازی کا نشانہ بنایا تھا اور ان کی محتاط بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جگہ اگر سرفراز احمد وکٹ پر ہوتے تو اس گیند پر چوکا لگاتے۔ انہوں نے فقرے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے(محمد رضوان) کے پاس سے بہت اچھی خوشبو آ رہی ہے۔

مزید : کھیل