عمران خان بھگوڑے اور غدار کوبچانے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول بھٹوزرداری

عمران خان بھگوڑے اور غدار کوبچانے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول بھٹوزرداری
عمران خان بھگوڑے اور غدار کوبچانے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول بھٹوزرداری

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عمران خان بھگوڑے اور غدارکوبچانے کی کوشش کررہے ہیں ، مشرف کیس کے فیصلے سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی ۔

اسلام آباد میں پمز ہسپتال کے باہر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کیلئے ایک قانون ہوناچاہئے ۔ ایک طرف ایک بھگوڑے اورغدار کیخلاف مقدمہ چل رہاہے اور چیف جسٹس نے بتایا کہ اس کیس کا فیصلہ آنیوالاہے لیکن اب حکومت اس بھگوڑے غدارکوبچانے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس کیس کا فیصلہ ویسے ہی آئے گا جیساکہ چیف جسٹس نے کہاہے ۔ ملک کوعوامی خواہشات کے خلاف نہیں چلایاجاسکتاہے ، پرویز مشرف کیس عدلیہ کی تاریخ کیلئے ایک اہم موقع ہے ، سناہے کہ عمران خان بھگوڑے اور غدارکوبچانے کی کوشش کررہے ہیں ، مشرف کیس کے فیصلے سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی ۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایک آمر کے خلاف فیصلہ آنیوالاہے جس سے جمہوریت مضبوط ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت خراب ہے اور اس کے باوجودوہ اپنے موقف پر قائم ہیں۔ آصف زردای نہ بکیں گے نہ جھکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کوعدالتوں سے انصاف کی امیدہے ، آصف زرداری کا کیس کس صوبے میں چلناہے ، اس کافیصلہ عدالتیں کریں گی۔ سندھ میں بننے والا مقدمہ راولپنڈی میں چلایا جارہا ہے ۔

مزید : اہم خبریں /قومی