سینیٹ خالی نشست پر انتخاب،عوامی نیشنل پارٹی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر دیا
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینیٹ کی خالی نشست پرہونےوالے انتخاب میں عوامی نیشنل پارٹی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر دیا،باچاخان مرکز آنے والے پیپلز پارٹی کے جرگہ کو اے این پی کے صوبائی صدر نے منظور کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے پارٹی کے صوبائی صدر ہمایون خان کی قیادت میں جرگہ کی شکل میں باچا خان مرکز کا دورہ کیا۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک ،رکن صوبائی اسمبلی نثار مومند، صوبائی ترجمان صدرالدین مروت، صوبائی سیکرٹری مالیات مختیارخان، ملک طارق اعوان اورسینیٹ کےامیدوارحاجی ہدایت اللہ خان نے وفد کا استقبال کیا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے وفد نے اپنا موقف بیان کیا کہ متحدہ اپوزیشن کے فارمولے کے مطابق سینٹ میں پی پی پی کی نشست خالی ہوگئی ہےلہذااس حوالے سےجرگہ کی شکل میں آئےہیں کہ اے این پی اس نشست پر پیپلزپارٹی کی حمایت کرے،عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کی ہدایت پر پارٹی نے جرگہ منظور کرلیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی متحدہ اپوزیشن کے فارمولے کی پابند ہے اور کوشش کرے گی کہ اپوزیشن متحد رہے،متحدہ اپوزیشن کے امیدوار فرزند علی خان کی حمایت کریں گے اور فرزند علی خان متفقہ امیدوار ہوں گے۔