اسرائیل نے سعودی عرب کو گرین لسٹ میں شامل کرلیا
تل ابیب (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسرائیل نے کورونا کے کیسز میں کمی کے بعد سعودی عرب کو گرین لسٹ میں شامل کرلیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق کورونا کیسز کی وجہ سے پہلے سعودی عرب ریڈ لسٹ میں تھا لیکن اب مملکت میں کیسز میں کمی آنے کے بعد اس کو گرین لسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ گرین لسٹ میں شامل ممالک کے شہریوں کو اسرائیل پہنچنے پر قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا جبکہ ریڈ لسٹ ممالک کیلئے قرنطینہ ضروری ہے۔
اسرائیلی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ہیزی لیوی کا کہنا ہے کہ ہفتے میں 2 بار اس فہرست کا جائزہ لیا جاتا ہے اس لیے کسی کے دوروں سے سعودی عرب کا گرین لسٹ میں شامل ہونا بعید از قیاس ہے۔
خیال رہے کہ امریکی اور اسرائیلی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے اتوار کے روز سعودی عرب کے جدید شہر نیوم میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی موجودگی میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے خفیہ ملاقات کی تھی۔