نوجوان کرکٹر حیدر علی نے یونس خان پر نظریں جما لیں مگر کیوں؟ شاندار بات کہہ دی

نوجوان کرکٹر حیدر علی نے یونس خان پر نظریں جما لیں مگر کیوں؟ شاندار بات کہہ دی
نوجوان کرکٹر حیدر علی نے یونس خان پر نظریں جما لیں مگر کیوں؟ شاندار بات کہہ دی
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی حیدر علی نے سابق کپتان یونس خان سے بیٹنگ کے گر سیکھنے کو اپنا ہدف بنا لیا ہے جن کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں یونس خان سے بہت کچھ سیکھا، اب نیوزی لینڈ میں بھی ان کی موجودگی سے فائدہ اٹھاﺅں گا۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ میں موجود ہے اور مقررہ آئیسولیشن سے گزر رہی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان یونس خان کی بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ایک بار پھر خدمات حاصل کی ہیں جنہیں اس سے قبل دورہ انگلینڈ کیلئے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا لیکن اب پی سی بی نے طویل مدت معاہدہ کیا ہے جس کے تحت یونس خان ٹیم کے ہمراہ بیٹنگ کوچ کے علاوہ کراچی کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھی بیٹنگ کوچ کی خدمات انجام دیں گے۔

34 رکنی سکواڈ میں کئی ایک نوجوان کھلاڑی بھی شامل ہیں جن میں ایک حیدر علی بھی ہیں جو پاکستان شاہینز کے نائب کپتان بھی ہیں اور خاصے پرجوش ہیں کہ انہیں ایک بار پھر یونس خان سے اپنی بیٹنگ کے حوالے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ یونس خان جب دورہ انگلینڈ میں ٹیم کے ساتھ تھے تو ان سے بہت کچھ سیکھا تھا، انہوں نے پچ کو پڑھنے کے بارے میں بتایا جس سے فائدہ ہوا، اب ایک مرتبہ پھر یونس خان ٹیم کے ساتھ ہیں اور نیوزی لینڈ میں ان کی موجودگی سے فائدہ اٹھاﺅں گا اور زیادہ سے زیادہ سیکھوں گا۔

حیدر علی نے کہا کہ میری ہمیشہ کوشش یہی ہوتی ہے کہ اپنی نیچرل گیم کھیلوں، مجھے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں کھیلنے کا تجربہ ہے اس لئے نیوزی لینڈ میں کھیلنے میں مشکل نہیں ہو گی، کنڈیشنز خواہ کیسی ہی ہوں میں اپنے انداز سے کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، پاکستان کی وکٹیں بھی اچھی ہیں لیکن تیز وکٹوں پر کھیلنے کا زیادہ مزہ آتا ہے۔ 

مزید :

کھیل -