کورونا کی دوسری لہر ،کیا دکانیں اور کاروباری مراکز بند کیے جائیں گے؟ وزیراعظم نے اعلان کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا سے بچانے کے لیے لوگوں کو بھوک سے نہیں مارسکتے ہیں،مساجد ،کاروباری مراکز ،پلازوں اور فیکٹریوںکو بند نہیں کیا جائے گا ۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم نے کورونا کی پہلی لہر سے مل کر مقابلہ کیا جس کی وجہ سے کامیابی ملی ،اب دوسری لہر کا سامنا ہے ،ایک ہفتہ پہلے ایک دن میں کورونا سے چھ یا سات افراد کی اموات ہو رہی تھی اور اب گزشتہ 24گھنٹوں میں 50افراد موت کے منہ میں چلے گئے ،ہم نے اگر احتیاط نہ کی تو اموات کی شرح بڑھنے کا خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاروبار ،فیکٹریاں اور دکانیں بند نہیں کریں گے لیکن ایس او پیز پر لازمی عمل کرنا ہو گا ۔
کورونا کی وجہ سے فیکٹریاں اور کاروبار بھی بند نہیں کریں گے۔ مشکل سے حالات ٹھیک ہوئے ہیں، ہمیں احتیاط کرنی ہے کیونکہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو کورونا کیسز کی تعداد میں اضاف ہو گا اور ہسپتالوں پر دباﺅ بڑھ سکتا ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کو جلسے جلوس کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ،کسی کو این آر او نہیں ملے گا ،یہ لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ،ایسا کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔