کامیابی ملی تو پشاور کو ترقی کی راہ پر گامزن کرونگا‘ بحراللہ 

کامیابی ملی تو پشاور کو ترقی کی راہ پر گامزن کرونگا‘ بحراللہ 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی کی جانب سے میئر پشاور کے امیدوار بحر اللہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کامیابی ملنے کے بعد پشاور کو ترقی کی راہ پر گامزن کرونگا جبکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیادوں پر بھرتی کیا جائے گا اسی طرح نوجوانوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے مختلف روزگاروں بارے تربیت دینگے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اخون آباد نمبر پانچ میں بلدیاتی انتخابات میں یوتھ کونسلر کے امیدوار ابدالی صافی کی جانب سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر جماعت اسلامی یوتھ پشاور حسن بشیر‘ یوتھ کونسلر کے امیدوار ابدالی صافی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بحر اللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پشاور کی خوبصورتی یقینی بنانے اور اسے ایک بار پھر پھولوں کا شہر بنانے کے لئے جماعت اسلامی کے پاس پروگرام ہے جس پر فوری عمل کیا جائیگا اور ٹریفک نظام کو درست کرنے سمیت رکشہ‘ لوڈر اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو پرمٹ جاری کئے جائیں گے تاکہ وہ احسن طریقے سے محنت مزدوری کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کر کے جماعت کو اہل پشاور کی خدمت کرنے کا موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت خالی خولے نعروں پر نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے کیونکہ اس کی قیادت ایماندار و دیانتدار ہے اور اس کی قیادت میں مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں مہنگائی اور بیروزگاری میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے جس سے براہ راست غریب طبقہ متاثر ہو رہا ہے جبکہ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد نیبر ہوڈ اور ویلج کونسل کی سطح پر گراؤنڈ بنانے سمیت شہریوں کو صحت سہولیات فراہمی کیلئے عملی اقدامات کرینگے اور نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے الیکشن سے پہلے جو وعدے اور دعوے کئے تھے اس کو عملی جامہ نہیں پہنایا ہے جس کے باعث آج غریب عوام مشکلات سے دو چار ہیں۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -