سلیکٹڈ و نا اہل حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے‘ روبینہ خالد
پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی صدر و سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ یوم تاسیس جلسہ نا اہل و سلیکٹڈ حکمرانوں کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی پاکستان پیپلز پارٹی مکمل تیاری کیساتھ میدان میں اتری ہے اور موجودہ حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مومن ٹاؤن میں بلا مقابلہ منتخب خاتون کونسلر زرقہ شبیر کی رہائشگاہ پر یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی جنرل سیکرٹری شازیہ طہماس‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مہر سلطانہ ایڈووکیٹ‘ نائب صدر اشبر جدون‘ ضلعی صدر فلک ناز‘ صائمہ شہزاد اور دیگر بھی موجود تھیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ 30 نومبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کی یوم تاسیس کے سلسلے میں جلسے میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکن شرکت کریں گے جس سے مخالفین کے منہ بند ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو مایوسی کے سواء کچھ نہیں دیا ہے اور انتخابی مہم کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے جو وعدے عوام سے کئے تھے اس کو تاحال عملی جامہ نہیں پہنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آئے روز اشیائے خوردونوش اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو مزید مسائل کی دلدل میں دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس جلسہ میں بڑی تعداد میں عوام شرکت کر کے ثابت کرینگے کہ انہوں نے حکومتی پارٹی کو یکسر مسترد کردیا ہے اور ان کی نظریں پاکستان پیپلز پارٹی پر ہیں۔