ارباب زرک کو میئر پشاور کا ٹکٹ جاری کرنا خوش آئند قرار 

  ارباب زرک کو میئر پشاور کا ٹکٹ جاری کرنا خوش آئند قرار 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی کونسل الحاج عابد علی نے پارٹی کی طرف ارباب زرک خان کو میئر پشاور کا ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارباب زرک جیسے باصلاحیت نوجوان کو ٹکٹ دینا اس بات کی واضح ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی ہی میئر پشاور کی سیٹ پر کامیابی حاصل کریگی کیونکہ ارباب خاندان کی پشاور کیلئے خدمات اور قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں اہل پشاور اور پارٹی کارکنوں کے شانہ بشانہ رہنے سمیت بھر پور اقدامات کئے ہیں۔ عابد علی کا کہنا تھا کہ ارباب زرک خان پشاور کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور اسے حل کرنے میں ارباب خاندان نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ارباب عالمگیر خان اور عاصمہ عالمگیر نے پیپلز پارٹی کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے جس کی بدولت آج عاصمہ عالمگیر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جیسے اہم عہدے پر فائز ہیں اور انکے صاحبزادے کو میئر پشاور کا ٹکٹ جاری کیا گیا ۔ عابد علی نے ارباب زرک خان کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پشاور کا میئر پیپلز پارٹی سے ہی ہوگا کیونکہ اہل پشاور دیگر سیاسی پارٹیوں سے عاجز آگئے ہیں جنہوں نے پشاور کی ترقی کیلئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل پشاور تیز کے نشان پر مہر لگا کر پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں تاکہ ان کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -