کرم تنگی ڈیم کا پہلا مرحلہ جون 23 ء میں مکمل ہوگا،چیئرمین واپڈا

    کرم تنگی ڈیم کا پہلا مرحلہ جون 23 ء میں مکمل ہوگا،چیئرمین واپڈا

  

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ جون 2023 ء میں مکمل ہوگا۔منصوبہ خیبر پختونخواکے ضلع شمالی وزیر ستان میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اِن خیالات کا اظہار چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین نے پراجیکٹ سائٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو مقررہ مدت اور معیار کے مطابق مکمل کرنے کے لئے اپنی کوششوں کو تیزکریں۔ منصوبے سے آبپاشی اور بجلی کی پیداوار کے فوائد کا ذکر کرتے ہوئے اْنہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے علاقے میں پائیدار ترقی کا حصول ممکن ہوگا۔ اِس سے نہ صرف سستی پن بجلی حاصل ہوگی اور زراعت کو فروغ ملے گا بلکہ ملازمت کے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے اِس دور دراز علاقے میں غربت کا خاتمہ ہوگا۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ دْنیا بھر میں واٹر سکیورٹی کو اِنسانی ترقی کا بنیادی جزو تسلیم کیا جاتا ہے۔ کرم تنگی ڈیم اِن ہی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ قبل ازیں چیئرمین واپڈا نے منصوبے کے مختلف حصّوں بشمول ڈیم، اری گیشن سسٹم اور پاور ہاؤسز کا دورہ کیا۔اِس موقع پر پراجیکٹ انتظامیہ نے کرم تنگی منصوبے پر اب تک ہونیوالی پیش رفت بارے چیئرمین واپڈا کو بریفنگ دی۔

چیئرمین واپڈا

مزید :

پشاورصفحہ آخر -