آزادکشمیر حکومت کا بھی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا خوش آئندہ فیصلہ: گورنر پنجاب 

آزادکشمیر حکومت کا بھی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا خوش آئندہ فیصلہ: ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ کا حق ملنا جمہوریت،آئین اورحق کی جیت ہے۔ آزاد کشمیر حکومت کا بھی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔موجودہ حکومت ملک کو معاشی سمیت تمام شعبوں میں مضبوط اور خوشحال بنانے کیلئے کام کر رہی ہے۔ عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نجات دلانے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ گور نر ہاؤس لاہور میں امریکہ سے آنیوالے اوورسیز پاکستانی نوید انور سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔گور نر پنجاب نے اس موقعہ پر نوید انور کو ''گور نرایوارڈ''سے بھی نواز ا۔ملاقات کے دوران گفتگو میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ تحر یک انصاف جب اقتدار میں آئی تو پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی باتیں ہورہی تھیں مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت نے اپنی کامیاب معاشی پالیسیوں کے ذریعے نہ صرف پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ پاکستان کو معاشی طور پر بحران سے نکال کر کامیابی کی راہ پر بھی گامزن کر دیا۔ اْنہوں نے کہا کہ آج تمام عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کو تسلیم کر رہے ہیں۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت مہنگائی جیسے مسائل سے بھی نمٹنے کے لیے احساس پروگرام اور دیگر منصوبوں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ عوام کو صحت او ر تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے جس کے لیے وفاقی اور پنجاب حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔بعدازں، گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کشمیر میں انسانی حقوق کے نمائندے خرم پرویز کی بھارتی افواج کے ہاتھوں گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا دہشت گرد چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ اقوام متحد ہ سمیت عالمی اداروں کو بھی بھارتی مظالم کا سخت اور فوری نوٹس لینا چاہیے۔

گور نر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -