ریفرنسز ٹرائل کی بروقت تکمیل کیلئے گواہان کی تعداد کو محدودرکھا جائے: چیئرمین نیب 

ریفرنسز ٹرائل کی بروقت تکمیل کیلئے گواہان کی تعداد کو محدودرکھا جائے: ...

  

لاہور(این این آئی)قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے نیب کا کسی سیاسی جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں بلکہ نیب ریاستِ پاکستان اور عوام کے مفادات کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے،مقدمات میں گواہان کی تعداد کو محدود رکھا جائے تاکہ ریفر نسز کے ٹرائل کوبروقت اوربرق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مددحا صل ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹر لاہور کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر انہوں نے میگا کرپشن کے مقدمات بالخصوص ہاؤسنگ سیکٹر کے کیسز آشیانہ اقبال پیرا گون سٹی، ایڈن ہاؤسنگ سکینڈل، پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی کیسز میں ہونیوالی پیشرفت کے علاوہ نیب لاہور کی جانب سے احتساب عدا لتوں میں سا بق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز اورمیر شکیل الرحمان کیخلاف دائر ریفرنسز پر ابتک کی کارروائی کا جائزہ لیا۔ڈی جی نیب لاہور نے کمبائینڈ انویسٹی گیشن ٹیموں کی موجودگی میں چیئر مین نیب کو تمام کرپشن مقدمات، ریفرنسز اور نیب لاہور بیورو کی جانب سے موجودہ قیادت کے 4سالہ دور میں ہونیوالے بالواسطہ اور بلا واسطہ ریکوری کی مکمل تفصیلات پربھی مفصل بریفنگ دی،اوربتایا نیب لاہور اکتوبر2017سے تاحال 45مقدمات میں مجموعی طور پر 88ارب کی ریکوری پر عملدرآمد ممکن بنا رہا ہے جس میں 22 مقد مات میں لگ بھگ10ارب کی براہِ راست ریکوری جبکہ 23دیگر مقدمات میں 78ارب کی  بالواسطہ ریکوری کی گئی۔بریفنگ کے د و ران نیب لاہور کے آفیسرز کو مخاطب کر تے ہوئے چیئر مین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا نیب آئین و قانون کی روشنی میں بدعنوانی کیخلاف بر سرِ پیکار قومی ادارہ ہے، نیب اپنے تمام اقدمات صرف و صرف میرٹ کی بنیاد پر کسی دباؤ، دھمکی اور مذموم پراپیگنڈہ کو خاطر میں لائے بغیر جاری رکھے گا۔

چیئرمین نیب

مزید :

صفحہ آخر -